ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کانگریس کے اختلافات مخلوط حکومت کو لے ڈوبیں گے: ایشورپا

کانگریس کے اختلافات مخلوط حکومت کو لے ڈوبیں گے: ایشورپا

Thu, 27 Dec 2018 11:14:18    S.O. News Service

بنگلورو،27؍دسمبر(ایس اونیوز) سینئر بی جے پی لیڈر کے ایس ایشورپا نے کہا ہے کہ ریاستی کابینہ میں توسیع کے بعد کانگریس پارٹی میں اٹھنے والا طوفان برگشتگی ریاست کی مخلوط حکومت غرق کردے گا۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ایک طرف برطرف وزیر رمیش جارکی ہولی نے استعفے کی دھمکی دی ہے تو دوسری طرف کانگریس میں داخلی انتشار تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ اس سوال پر کہ کیا رمیش جارکی ہولی بی جے پی میں شامل ہونے والے ہیں؟۔ ایشورپا نے کہاکہ ایشورپا نے کہاکہ بی جے پی کے کسی بھی لیڈر نے رمیش جارکی ہولی سے رابطہ کرنے کی کوشش نہیں کی ہے۔ ایشورپا نے دعویٰ کیا کہ مخلوط حکومت کے استحکام کو برقرار رکھنے میں ناکام کانگریس اور جے ڈی ایس بی جے پی پر آپریشن کمل کرنے کا الزام لگارہے ہیں۔ بی جے پی کی طرف سے ایسی کوئی مہم نہیں چلائی جارہی ہے۔ ایشورپا نے کہاکہ ریاستی عوام نے چونکہ بی جے پی کو اس بار مکمل اکثریت نہیں دی ہے، اسی لئے بی جے پی اپوزیشن میں بیٹھ کر اپنا کام کرتی رہے گی۔ ایشورپا نے کہاکہ کانگریس میں ان دنوں جو داخلی انتشار پیدا ہوا ہے اس کا اثر ریاست کی سیاست پر کافی گہرے مرتب ہوگااور حکومت دن بدن غیر مستحکم ہوتی رہے گی۔ مدور میں جے ڈی ایس لیڈرپرکاش کے قتل کے متعلق وزیراعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہاکہ پولیس افسروں کو کمار سوامی نے جو ہدایت دی ہے اسے دیکھتے ہوئے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ کمار سوامی وزیراعلیٰ نہیں بلکہ غنڈوں کے سردار ہیں۔ انہوں نے کہاکہ جے ڈی ایس کارکن کے قتل کا واقعہ افسوسناک ہے اس کی وجہ سے کمار سوامی کو جو دکھ ہوا ہے اس میں بی جے پی بھی برابر کی شریک ہے، لیکن جذباتی ہوکر انہیں ایسی بیان بازی نہیں کرنی چاہئے جس کی وجہ سے وزیر اعلیٰ کے عہدے کا وقار مجروح ہو۔ ریاست بھر میں پچھلے چند برسوں سے ہندو نوجوانوں کو چن چن کر قتل کیا جارہاہے، کمار سوامی نے ان نوجوانوں کی موت پر کبھی یہ نہیں کیا کہ ان قاتلوں کو گولی مار دی جائے۔ اب جبکہ ان کے کسی کارکن کو مار دیا گیا ہے تو کمار سوامی جذباتی ہوگئے ہیں، ایشورپا نے کہاکہ وزیر اعلیٰ کو اس طرح انصاف کا دہرا پن نہیں اپنا نا چاہئے۔خاص طور پر کمار سوامی جیسے ذمہ داررہنما کی زبان سے شوٹ آؤٹ جیسا لفظ زیب نہیں دیتا۔


Share: